لاہور میں کسٹمز حکام اور تحریک انصاف کے رہنما کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے نائب صدر اکمل خان باری کی ویگو ڈالہ گاڑی کو کسٹمز حکام نے ضبط کر لیا، جس کے بعد معاملہ لاہور ہائیکورٹ جا پہنچا۔ درخواست گزار نے الزام عائد کیا ہے کہ بغیر کسی قانونی جواز کے ان کی ذاتی ملکیت گاڑی کو قبضے میں لیا گیا ہے۔
اکمل خان باری کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے صوبائی نائب صدر ہیں اور ان کی ویگو ڈالہ گاڑی کو کسٹمز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بغیر کسی وارنٹ یا نوٹس کے اچانک تحویل میں لے لیا، جو ان کے آئینی اور شہری حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزار کی پیروی کرنے والے وکیل امجد فاروق بسمل ایڈووکیٹ نے عدالت کے روبرو دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ گاڑی کی تمام دستاویزات مکمل اور قانونی ہیں، کسی قسم کی خلاف ورزی کا ثبوت موجود نہیں، اس کے باوجود کسٹمز حکام نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے طاقت کے بل پر گاڑی قبضے میں لے لی ہے۔
جسٹس شاہد کریم نے ابتدائی سماعت کے بعد درخواست منظور کرتے ہوئے کسٹمز حکام کو نوٹس جاری کر دیا ہے اور 3 جولائی تک تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے کسٹمز حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانونی جواز اور کاروائی سے متعلق تمام شواہد پیش کریں تاکہ آئندہ سماعت پر مزید کارروائی کی جا سکے۔