لاہور (ایم وائے کے نیوز) — لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ڈاکٹر ہسپتال کے قریب ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر نہر میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں کار میں سوار تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق، واقعہ بدھ کے روز پیش آیا جب کار حد سے زیادہ رفتار کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور نہر میں جا گری۔ اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے ڈرائیور کی شناخت 16 سالہ حمزہ کے طور پر ہوئی ہے جو کی نیسپاک سوسائٹی لاہور کا رہائشی ہے جب کہ دیگر دو افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ پولیس نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے۔
حادثے کی ابتدائی وجہ تیز رفتاری اور ممکنہ طور پر ڈرائیور کا کم عمر ہونا قرار دی جا رہی ہے۔ پولیس نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے موثر اقدامات کیے جا سکیں۔