(ایم وائے کے نیوز) اسلام آباد – 28 مئی 2025: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے یومِ تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن دن قرار دیا ہے۔ آج 28 مئی کو پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کو 27 سال مکمل ہو گئے، جب 1998 میں بلوچستان کے علاقے چاغی میں پانچ کامیاب ایٹمی تجربات کیے گئے تھے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا: "یومِ تکبیر ہماری خودمختاری اور قومی سلامتی کا مظہر ہے۔ ایٹمی طاقت بننے کا فیصلہ ایک دانشمندانہ قدم تھا جو صرف تکنیکی ترقی کا نہیں بلکہ خطے میں امن کے توازن کا ضامن بھی ہے۔” انہوں نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ:”ہم آج اُن تمام سائنسدانوں، انجینئرز، سول و عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے وطن کو ناقابل تسخیر دفاع فراہم کیا۔” صدر نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، بلکہ پرامن بقائے باہمی اور عالمی قوانین کے احترام پر یقین رکھتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا: "پاکستان دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت ہے۔ 27 سال قبل آج کے دن قوم نے عزم، اتحاد اور قربانیوں کی مثال قائم کی۔” وزیراعظم نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی جرات مندانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا: "نوازشریف نے عالمی دباو، دھمکیوں اور لالچ کو نظرانداز کر کے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔ چاغی کے پہاڑوں سے بلند ہونے والی ’اللہ اکبر‘ کی صدا آج بھی ہماری خودمختاری کی گواہ ہے۔
” انہوں نے بھارت کے حالیہ بلاجواز حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ: "قوم نے ایک بار پھر اتحاد و جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔” وزیراعظم نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ذوالفقار علی بھٹو، سائنسدانوں، انجینئرز، افواج پاکستان، اور قومی اداروں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
دونوں قومی رہنماؤں نے یومِ تکبیر کو پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور دفاع کا نشان قرار دیتے ہوئے اس دن کو ایک نئے عہد اور اتحاد کی تجدید کا موقع بھی قرار دیا۔