لاہور (ایم وائے کے نیوز) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشیا کپ اور ویمن ایمرجنگ ایشیا کپ سے دستبرداری کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔ بھارتی میڈیا میں یہ دعویٰ گردش کر رہا تھا کہ بی سی سی آئی نے ایشیائی کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام دونوں ایونٹس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے، لیکن اب بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری دیواجیت سائیکیا نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
دیواجیت سائیکیا نے ایک بیان میں کہا کہ صبح سے میڈیا میں گردش کرنے والی ان رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ تاحال ایشیا کپ یا ویمن ایمرجنگ ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی ان معاملات پر اپنی حکومت سے رابطے میں ہے، تاہم ابھی تک ایشیا کپ سے دستبرداری کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
قبل ازیں بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت نے ستمبر میں ہونے والے ایشیا کپ اور جون میں سری لنکا میں شیڈول ویمن ایمرجنگ ایشیا کپ سے خود کو الگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق بھارتی بورڈ کو اعتراض تھا کہ ان ایونٹس کی سربراہی پاکستان کے وفاقی وزیر محسن نقوی بطور چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل کر رہے ہیں، اس لیے بھارتی ٹیم ایسے ایونٹس میں شرکت نہیں کرے گی جن کی قیادت پاکستانی حکام کے پاس ہو۔ تاہم اب بھارتی کرکٹ بورڈ نے ان تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دے کر ایشیا کپ میں شرکت سے متعلق صورتحال واضح کر دی ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل اور پی سی بی کی جانب سے ابھی تک اس معاملے پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔