اسلام آباد (ایم وائے کے نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی سروس میں تعطل کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے باقاعدہ وضاحت جاری کر دی ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق یہ تعطل کسی مقامی تکنیکی خرابی یا حکومتی پابندی کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جس کا سامنا پلیٹ فارم کو دنیا کے متعدد ممالک میں یکساں طور پر کرنا پڑا ہے۔
پی ٹی اے کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 22 مئی کو بھی ’ایکس‘ کو ایسی ہی عالمی سطح کی بندش کا سامنا تھا جو کئی گھنٹوں بعد خود بخود بحال ہو گئی تھی۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ملک کے انٹرنیٹ گیٹ ویز مکمل طور پر فعال ہیں اور دیگر تمام انٹرنیٹ سروسز معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔ ادارے نے یہ بھی واضح کیا کہ اس تعطل کا تعلق پاکستان میں کسی فلٹرنگ یا مقامی بندش سے نہیں ہے۔ بین الاقوامی ادارے نیٹ بلاکس نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ’ایکس‘ کی بندش بین الاقوامی نوعیت کی ہے اور اس میں پاکستان یا کسی مخصوص ملک کا براہ راست کوئی کردار نہیں۔
پی ٹی اے نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ اس صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور جیسے ہی کوئی اہم پیش رفت ہوگی، عوام کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔ دریں اثنا، ’ایکس‘ کے صارفین کی بڑی تعداد نے مختلف فورمز پر سروس متاثر ہونے کی شکایات درج کروائیں، جس کے بعد واضح ہوا کہ یہ مسئلہ صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ عالمی سطح پر لاکھوں صارفین اس بندش سے متاثر ہوئے ہیں۔
ایم وائے کے نیوز کی معلومات کے مطابق یہ تعطل ممکنہ طور پر ’ایکس‘ کے ڈیٹا سرورز یا عالمی نیٹ ورک سے متعلق کسی تکنیکی مسئلے کا نتیجہ ہو سکتا ہے، تاہم حتمی تصدیق صرف پلیٹ فارم انتظامیہ کی جانب سے آنے والی اپ ڈیٹس کے بعد ہی ممکن ہو گی۔ پی ٹی اے کی بروقت وضاحت نے افواہوں کا دروازہ بند کرتے ہوئے واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا سینسرشپ یا تکنیکی بندش کی اس وقت کوئی صورتحال موجود نہیں۔