سعودی عرب نے حج سیزن کی تیاریوں کے سلسلے میں عمرہ ویزے پر موجود غیر ملکیوں کو 29 اپریل 2025 تک اپنے ممالک واپس جانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ مکہ مکرمہ میں حج کے انتظامات کا آغاز ہو چکا ہے، جس کے پیش نظر سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ عمرہ ویزے پر آنے والے زائرین کا مقررہ مدت کے بعد قیام کرنا خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔
وزارت داخلہ کے مطابق 23 اپریل کے بعد سعودی عرب کے مختلف شہروں سے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کے لیے پرمٹ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ جو غیر ملکی ملازمت یا کسی سرکاری ذمہ داری کے سلسلے میں مکہ یا مشاعر مقدسہ جانا چاہتے ہیں، انہیں بھی متعلقہ پورٹل سے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔
یہ اقدام حج کے دوران امن و امان، سہولیات اور گنجائش کے انتظام کو بہتر بنانے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے تاکہ کسی قسم کی بدنظمی یا غیر قانونی قیام سے بچا جا سکے۔ سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ ہدایت کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں جرمانے، نظربندی یا ملک بدری شامل ہو سکتی ہے۔ عمرہ زائرین سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت سے قبل واپسی کو یقینی بنائیں تاکہ حج سیزن کی روانی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔