نئی دہلی (نیوز ڈیسک) — پاکستان کی حالیہ جوابی کارروائی کے بعد بھارت نے آخرکار اپنے متعدد فضائی اڈوں پر نقصانات کا اعتراف کر لیا ہے۔ بھارتی میڈیا، بالخصوص ٹائمز آف انڈیا، نے رپورٹ کیا ہے کہ اودھم پور، بھوج، پٹھان کوٹ اور بھٹنڈہ میں بھارتی فضائیہ کے اڈے پاکستان کی کارروائیوں سے متاثر ہوئے ہیں۔
بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ پاکستانی افواج مغربی سرحد پر مسلسل حملے کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان نے دراندازی کے لیے ڈرونز، طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل، بارودی سرنگیں اور لڑاکا طیارے استعمال کیے۔ انہوں نے کہا، "ہم نے کئی خطرات کو ناکام بنایا، لیکن پاکستان نے 26 سے زائد مقامات پر فضائی دراندازی کی کوشش کی۔ ان حملوں سے ہمارے اہلکاروں اور ساز و سامان کو نقصان پہنچا۔”
کرنل صوفیہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی تیز رفتار میزائلوں نے بھارتی پنجاب میں واقع فضائی اڈے کو بھی نشانہ بنایا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی، بھارتی ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے دعویٰ کیا کہ بھارتی مسلح افواج نے صرف مخصوص فوجی اہداف کو نشانہ بنایا اور ہر کارروائی میں "درستگی” سے کام لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "پاکستانی فوج کے دستے سرحدی علاقوں کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھے گئے ہیں، جو کہ ممکنہ جارحیت کی تیاری کا اشارہ ہے۔”
بھارتی دفاعی حکام کا دعویٰ ہے کہ اُن کی افواج مکمل تیاری کے ساتھ مؤثر اور متناسب ردعمل دینے کے لیے تیار ہیں۔ تاہم، پاکستان کی جانب سے کیے گئے اہداف پر حملوں نے بھارتی عسکری منصوبہ بندی اور فضائی دفاعی نظام کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔