راولپنڈی (ایم وائے کے نیوز) — ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک ہنگامی پریس بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے اپنے ہی شہریوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ ان کے مطابق بھارتی فوج نے ریاست پنجاب کے شہر آدم پور سے 6 بیلسٹک میزائل داغے، جن میں سے ایک میزائل آدم پور میں ہی گر گیا، جب کہ باقی 5 میزائل امرتسر شہر پر گرے۔
انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک اور حیران کن بات ہے کہ بھارتی حکومت اپنے ہی لوگوں کے خلاف مہلک ہتھیار استعمال کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تمام تر ہمدردیاں بھارتی سکھ برادری کے ساتھ ہیں۔
امرتسر سکھ مذہب کے ماننے والوں کا مقدس شہر ہے، جہاں دنیا بھر کے سکھوں کا روحانی مرکز گولڈن ٹیمپل واقع ہے۔ یہ شہر پاکستان کے شہر لاہور سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ میزائل حملوں کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پائی جاتی ہے جبکہ بھارتی میڈیا نے اس واقعے پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
دفاعی و سیاسی ماہرین کے مطابق بھارت کی موجودہ حکومت پاکستان سے جاری کشیدگی کو بنیاد بنا کر اندرونی مخالفین، خصوصاً سکھ برادری کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت اس سے قبل بھی سکھ رہنماؤں کو نشانہ بناتی رہی ہے، جس کی مثال کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل ہے، جس کا الزام بھارتی خفیہ اداروں پر عائد کیا گیا تھا۔
تاحال بھارتی حکومت نے ان دعوؤں کی تصدیق یا تردید نہیں کی جبکہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی اس سنگین معاملے پر خاموش ہیں۔ انسانی حقوق کے کارکنوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی ادارے بھارت میں اقلیتوں، خاص طور پر سکھوں کے خلاف اقدامات کا نوٹس لیں۔