اسلام آباد (ایم وائے کے نیوز) — پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد بالآخر سیز فائر پر اتفاق ہو گیا ہے۔ اس بات کی تصدیق پاکستان کے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے فوری طور پر سیز فائر پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
اسحاق ڈار نے بیان میں کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ کیے بغیر خطے میں امن و استحکام کے لیے سنجیدہ کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، لیکن ہم خطے میں کشیدگی کو کم کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس بات کا عندیہ دیا کہ دونوں جوہری طاقتوں نے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے امریکا نے پسِ پردہ سفارتی کردار ادا کیا۔
سیز فائر کے اس اعلان کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان حالات معمول پر آنے کی راہ ہموار ہو گی، اور خطے میں امن و سلامتی کے امکانات کو تقویت ملے گی۔