اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے ملک میں سیاسی کشیدگی کے خاتمے کے لیے "سیاسی سیز فائر” کا مطالبہ کر دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں معاملات کو مزید بگاڑنے کے بجائے سلجھانے کی ضرورت ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان میں سیاسی محاذ آرائی کا خاتمہ ہو۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ "اب بہت ہو چکا ہے، یہ ملک اور سسٹم تبھی آگے بڑھے گا جب سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو دشمن کے بجائے فریق سمجھیں، اس لیے پاکستان میں بھی سیاسی سیز فائر ہونا چاہیے۔” انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پی ٹی آئی کے بانی اور ان کی اہلیہ اس وقت جیل میں ہیں لیکن عمران خان اصولی موقف پر قائم ہیں اور وہ کسی قسم کی ڈیل کرنے کو تیار نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "اللہ نے پاکستان کو کامیابی عطا کی اور ہماری بہادر افواج نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔” ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت سیاسی استحکام کا ہے تاکہ ملک دفاعی اور معاشی میدان میں مزید کامیاب ہو سکے۔