لاہور (ایم وائے کے نیوز) معروف ٹک ٹاکر رجب بٹ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے جب سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں انہیں ایک نوجوان شہری کو اپنے ساتھیوں سمیت تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا گیا۔ واقعہ تھانہ ستوکتلہ کی حدود میں پیش آیا جہاں متاثرہ نوجوان عمران نے پہلے رجب بٹ کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست جمع کروائی، لیکن بعد میں معاملہ باہمی صلح سے رفع دفع کر دیا گیا۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ رجب بٹ ایک سفید کار کے قریب کھڑے نوجوان کو تھپڑ مار رہے ہیں جبکہ ان کے دو ساتھی بھی مداخلت کرتے ہوئے تشدد میں شامل ہو گئے۔ متاثرہ نوجوان عمران کے مطابق جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب ایک موٹر سائیکل سوار زگ زیگ ڈرائیونگ کر رہا تھا، جس پر اسے ٹوکا گیا۔ اسی دوران رجب بٹ اپنی گاڑی سے اُترے اور بات چیت کیے بغیر مار پیٹ شروع کر دی۔
ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس متحرک ہوئی اور متاثرہ شہری عمران نے تھانے میں باضابطہ شکایت جمع کرائی۔ تاہم بعدازاں رجب بٹ نے متاثرہ شہری سے سوشل میڈیا پر معذرت کرلی، جسے عمران نے قبول کرتے ہوئے معاملہ ختم کر دیا اور پولیس کو درخواست واپس لینے سے آگاہ کیا۔
لاہور پولیس کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ فریقین میں صلح ہو گئی ہے، اور رجب بٹ نے اس واقعے کو "غلط فہمی” قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اس واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے قانون کی یکساں عملداری کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ کچھ صارفین نے عمران کی درگزر کے جذبے کو سراہا بھی ہے۔