راولپنڈی (ایم وائے کے نیوز) تھانہ وارث خان کے علاقے میں ایک جعلی پیر کو دم درود اور جنات نکالنے کے بہانے بیمار خاتون سے نازیبا حرکات کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر سرگرم پیر خرم کے خلاف متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں دھوکا دہی، دست درازی اور جان سے مارنے کی دھمکیوں جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔
متاثرہ خاتون جو مرگی کی مریضہ ہیں نے بتایا کہ روایتی علاج سے مایوس ہونے کے بعد انہوں نے ٹک ٹاک پر پیر خرم کی ویڈیوز دیکھیں جن میں وہ دم درود سے علاج کرنے کے دعوے کرتا تھا۔ خاتون کے ماموں نے پیر سے رابطہ کیا اور ملاقات کے لیے کمیٹی چوک کے قریب وقت طے کیا۔ پیر خرم نے علاج کی فیس ایک لاکھ روپے مقرر کی اور ایمرجنسی کے نام پر ابتدائی طور پر 5 ہزار روپے وصول کیے۔ خاتون کے مطابق پیر خرم نے دم کرنے کے بہانے انہیں الگ کمرے میں لے جا کر نازیبا حرکات شروع کر دیں دوپٹہ اتار دیا اور جسم کے مختلف حصوں کو چھونے لگا یہ کہتے ہوئے کہ ان پر جنات کا سایہ ہے۔ جب طبیعت مزید بگڑنے لگی تو ماموں کمرے میں داخل ہو گئے، جس پر پیر نے زبردستی بقیہ رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے چاقو نکال لیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ بعدازاں ایک جعلی تعویذ دے کر انہیں اسپتال لے جانے کا کہا گیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے فوری کارروائی میں جعلی پیر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، اور سوشل میڈیا پر اپنی جعلی شہرت کی آڑ میں معصوم لوگوں کو دھوکا دینے والے ایسے عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دم درود یا روحانی علاج کے نام پر دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشتبہ حرکت کی فوری اطلاع متعلقہ تھانے کو دیں۔