اسلام آباد (ایم وائے کے نیوز) — حکومت پاکستان نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں "آپریشن بنیان مرصوص” میں دشمن کو شکست فاش دینے پر پاک فوج کی شاندار کارکردگی کو سراہا گیا۔
کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ 6 اور 7 مئی کی شب بھارت نے بلااشتعال حملہ کر کے پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا، جس کا منہ توڑ جواب پاک فوج نے جرأت و حکمت کے ساتھ دیا۔ وزیراعظم نے اس تاریخی کامیابی کو جنرل عاصم منیر کی بے مثال قیادت اور افواجِ پاکستان کی مربوط حکمت عملی کا ثمر قرار دیا۔
اجلاس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کیا گیا، جبکہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی خدمات میں توسیع کا بھی متفقہ فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے اعلان کیا کہ "آپریشن بنیان مرصوص” میں بہادری کا مظاہرہ کرنے والے افسران، جوانوں، شہداء اور عام شہریوں کو قومی اعزازات سے نوازا جائے گا۔