لاہور (ایم وائے کے نیوز) – قومی ایئر لائن پی آئی اے نے فضائی آپریشن کو وسعت دیتے ہوئے لاہور سے پیرس کے لیے براہ راست پروازوں کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پہلی پرواز 18 جون کو روانہ ہو گی جبکہ باقاعدہ ہفتہ وار پرواز ہر بدھ کے روز لاہور سے پیرس کے لیے روانہ ہوا کرے گی۔
پی آئی اے اس وقت اسلام آباد سے پیرس کے لیے ہفتہ وار دو براہ راست پروازیں پہلے ہی چلا رہی ہے۔ لاہور سے نئی پرواز کے آغاز کے ساتھ ہی پی آئی اے کی یورپ کے لیے ہفتہ وار براہ راست پروازوں کی تعداد تین ہو جائے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن اپنے صارفین کی ضروریات اور سفری سہولتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یورپ کے دیگر شہروں کے لیے بھی پروازوں کا جلد آغاز کرے گی۔ اس فیصلے سے نہ صرف پاکستان اور فرانس کے درمیان رابطے مزید مضبوط ہوں گے بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی بڑی سہولت حاصل ہو گی۔