(ایم وائے کے نیوز) بقرعید کے موقع پر کراچی میں میٹ مرچنٹس ایسوسی ایشن نے قصائیوں کی اجرتوں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ فہرست کے مطابق تین من وزنی بچھیا کی قربانی کی اجرت 20 ہزار روپے، اونٹ کی کٹائی کا ریٹ 70 ہزار روپے جبکہ بکرے کی کٹائی کی کم از کم اجرت 10 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزنی جانوروں کی کٹائی کی اجرت مقامی سطح پر قصاب خود طے کریں گے۔ اس حوالے سے کنزیومر رائٹس کونسل کے چیئرمین شکیل بیگ نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقرر کردہ نرخ عوامی توقعات کے برعکس اور غیر منصفانہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بکرے کی کٹائی کا ریٹ 3 ہزار روپے، گائے کی کٹائی 10 سے 15 ہزار روپے اور اونٹ کی کٹائی کی زیادہ سے زیادہ اجرت 40 ہزار روپے ہونی چاہیے۔ شہری حلقوں نے بھی ان بڑھتی ہوئی اجرتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قصائیوں کی اجرتوں کو کنٹرول میں رکھا جائے تاکہ قربانی کی عبادت متوسط طبقے کے لیے بھی قابلِ استطاعت رہے۔