لاہور (ایم وائے کے نیوز) ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے قربانی کے گوشت سے متعلق شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قربانی کا گوشت زیادہ عرصے تک محفوظ نہ کیا جائے کیونکہ طویل مدت تک گوشت فریز کرنے سے اس کے خراب ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوشت کو محفوظ کرنے کے لیے منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت درکار ہوتا ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ گوشت کو اچھی طرح دھو کر خشک کریں اور فوری طور پر فریزر میں رکھیں تاکہ وہ جراثیم سے محفوظ رہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے خبردار کیا کہ بجلی کی بندش کی صورت میں گوشت سے خون رسنے لگتا ہے، جس کی وجہ سے بیکٹیریا بننے لگتے ہیں۔
عاصم جاوید نے مزید بتایا کہ عید کے دنوں میں جعلی مشروبات کی فروخت میں اضافہ ہو جاتا ہے، اور اب تک 25 ہزار لیٹر سے زائد جعلی مشروبات تلف کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ بازار کی جعلی بوتلوں سے بچتے ہوئے عید کے موقع پر گھریلو اور قدرتی مشروبات جیسے لیموں پانی کا استعمال کریں تاکہ صحت مند رہ سکیں۔