راولپنڈی (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) جوڈیشل کمپلیکس اولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے ایک سنسنی خیز پیغام دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ بانی تحریک انصاف نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو کسی بھی صورت میں قبول نہیں کرنا، چاہے انہیں تمام عمر جیل میں ہی کیوں نہ گزارنی پڑے۔ ان کا یہ دوٹوک موقف ایک مرتبہ پھر سیاسی درجہ حرارت میں تیزی کا باعث بن گیا ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے بات چیت کے حوالے سے پیغام پارٹی قیادت تک پہنچا دیا گیا ہے، لیکن ان کے بقول، عمران خان کو دانستہ تنہائی کا شکار بنا کر "مائنس” کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی پارٹی قیادت کی طرف سے احتجاج کی کال دی جائے گی، وہ ضرور شرکت کریں گی، تاہم ان کا لیڈ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور یہی واحد جماعت ہے جس کے بیانات اور اقدامات کو ہر وقت رپورٹ کیا جاتا ہے، جبکہ باقی تمام سیاسی جماعتیں میڈیا ریڈار سے باہر نظر آتی ہیں۔ ان کے مطابق، تحریک انصاف کا خوف حکومتی ایوانوں میں بیٹھے افراد پر اس قدر طاری ہے کہ وہ مسلسل دباؤ اور بے چینی کا شکار نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان، خاص طور پر بے گناہ ورکرز کو دور دراز شہروں سے عدالتوں میں گھسیٹا جا رہا ہے۔ علیمہ خان نے مزید کہا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں نے سخت حالات میں بہت کچھ سیکھا ہے اور اب وہ ایک تربیت یافتہ سیاسی قوت بن چکے ہیں۔