لاہور کے علاقے شاہدرہ میں کم عمر ڈرائیور کی غفلت اور تیز رفتاری نے ایک شخص کی جان لے لی جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ تیرہ سالہ حاشر ولد عمر بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے ایم جی گاڑی نمبری ARP-225 چلا رہا تھا جو شاہدرہ پنڈ سے فیروز والا کچہری کی طرف تیز رفتاری سے آ رہا تھا۔ اس دوران اس نے تین موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار دی۔ موٹر سائیکلوں کے نمبر LEV-80، LOT-2784 اور LEO-2051 تھے۔
حادثے کے نتیجے میں ایک شخص، امین ولد عبدالحمید، قوم ملک، سکنہ شاہدرہ، موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ایک اور موٹر سائیکل سوار رحمان شدید زخمی ہوا جبکہ ایک شخص کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں فوری طور پر ریسکیو 1122 کی مدد سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حادثے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کم عمر ڈرائیور کو موقع سے گرفتار کر کے تھانہ شاہدرہ ٹاؤن کے حوالے کر دیا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کم عمر ڈرائیوروں کی بڑھتی ہوئی ٹریفک خلاف ورزیوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ بغیر لائسنس اور نابالغ افراد کو کسی صورت سڑکوں پر گاڑیاں نہ چلانے دی جائیں۔
آئی جی پنجاب نے سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے کم سن ڈرائیوروں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر جانی نقصان کا باعث بننے والے کم عمر ڈرائیوروں کے والدین کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اوور سپیڈنگ، اوور لوڈنگ اور ون وے کی خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ سی ٹی اوز، ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران اور ڈی پی اوز کو فیلڈ میں نکل کر ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔









