لاہور ( ایم وائے کے نیوز ٹی وی ) پنجاب پولیس کی جانب سے تعلیمی میدان میں تحقیق اور عملی تربیت کے فروغ کے لیے انٹرن شپ پروگرام کے 10ویں بیج کی افتتاحی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی۔ اس بیج میں پنجاب یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف لاہور کے 62 طلبا و طالبات کو شامل کیا گیا ہے جو بی ایس کرمنالوجی ڈگری پروگرام سے وابستہ ہیں۔
تقریب کے دوران ڈی آئی جی ٹریننگ پنجاب راؤ منیر ضیا نے طلبا و طالبات کو انٹرن شپ پروگرام کی خصوصیات اور مقاصد سے آگاہ کیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اس انٹرن شپ کا دورانیہ 6 ہفتے ہے جس میں طلبا کو مختلف فیلڈ فارمیشنز کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے تاکہ وہ عملی پولیسنگ، جرائم کی روک تھام اور پبلک سروس ڈلیوری کے اہم پہلوؤں سے براہ راست واقف ہو سکیں۔ طلبا کو سپیشل برانچ، سیف سٹی اتھارٹی، انویسٹی گیشن ونگ اور دیگر اہم شعبوں میں پولیسنگ کے مختلف مراحل، طریقہ کار اور چیلنجز سے آگاہی دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ طلبا و طالبات کو انٹرن شپ کے دوران کیے گئے مشاہدات اور تجربات کی روشنی میں اپنی پریزنٹیشن رپورٹس بھی پیش کرنا ہوں گی۔
ڈی آئی جی ٹریننگ راؤ منیر ضیا نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب پولیس تعلیم اور تحقیق کے میدان میں نوجوان طلبا و طالبات کے ساتھ براہ راست روابط کو فروغ دے رہی ہے تاکہ وہ مستقبل میں نہ صرف ایک بہتر پیشہ ور بن سکیں بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ انٹرن شپ پروگرام طلبا کی کیریئر ڈویلپمنٹ میں رہنمائی فراہم کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہو گا۔ پنجاب پولیس کے اس اقدام کو تعلیمی حلقوں اور کرمنالوجی کے طلبا میں بے حد سراہا جا رہا ہے کیونکہ اس سے نہ صرف عملی تربیت کا موقع ملتا ہے بلکہ پولیسنگ کے جدید تقاضوں کو بھی قریب سے جاننے کا تجربہ حاصل ہوتا ہے۔









