اسلام آباد (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور آزادکشمیر میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے نہ صرف موسم خوشگوار ہوگا بلکہ بعض مقامات پر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پنجاب کے کئی علاقوں میں بوندا باندی ہوئی، جبکہ لاہور کے مختلف علاقوں جیسے ڈیوس روڈ، لکشمی چوک، گوالمنڈی، گڑھی شاہو، دھرم پورہ، ریگل چوک، مال روڈ، کینٹ، فیصل ٹاؤن اور ٹاؤن شپ میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ تاہم بعض مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی شکایات بھی موصول ہوئیں۔
ادھر خیبرپختونخوا میں بھی موسم نے کروٹ لی۔ لوئر دیر کے مختلف علاقوں، مینگورہ شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے درجہ حرارت میں کمی آئی۔ آزادکشمیر کی وادی نیلم اور جہلم میں بھی بادل جم کر برسے اور قدرتی مناظر کو دھو ڈالا، جس سے سیاحتی مقامات کی رونقیں بحال ہو گئیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ بارشیں مون سون ہواؤں کے فعال ہونے کا نتیجہ ہیں اور اگلے 48 گھنٹے کے دوران بعض علاقوں میں مزید تیز بارشوں کا امکان ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، ندی نالوں سے دور رہنے اور ٹریفک احتیاط سے چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔