لاہور سمیت پنجاب بھر میں منشیات کے خلاف پولیس کا سخت گیر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 196 چھاپے مارے گئے جن میں 96 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔
انسداد منشیات کی اس مہم میں پولیس نے 31 کلوگرام چرس، 3 کلوگرام آئس، 5 کلوگرام ہیروئن اور 952 لیٹر شراب برآمد کر لی۔ پنجاب پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جا چکے ہیں اور تفتیش کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔ آئی جی پنجاب نے پولیس افسران کو ہدایت دی ہے کہ منشیات فروشوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف سپیشل آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے اور سپلائی چین میں ملوث تمام کرداروں کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
آئی جی نے واضح طور پر حکم دیا ہے کہ تعلیمی اداروں، ہاسٹلز اور ان کے اطراف میں منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تاخیر کارروائیاں کی جائیں تاکہ نوجوان نسل کو اس زہر سے بچایا جا سکے۔ پنجاب پولیس کے مطابق منشیات کے خلاف یہ آپریشن "ڈرگ فری پنجاب” ویژن کے تحت جاری ہے اور اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا جب تک ہر منشیات فروش قانون کی گرفت میں نہیں آ جاتا۔