آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے ذاتی طور پر ملازمین کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کے لیے احکامات جاری کیے۔
ملاقات کے دوران ڈی ایس پی ناصر محمود کی طبی مالی امداد کی درخواست پر آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ اسی طرح ہیڈ کانسٹیبل غلام علی اور ہیڈ کانسٹیبل محمد فاروق کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ سے متعلقہ درخواستوں پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو احکامات جاری کیے گئے۔ ایک لیڈی ہیڈ کانسٹیبل کی درخواست پر آر پی او ملتان کو ریلیف دینے کی ہدایت کی گئی۔ اس کے علاوہ آئی جی پنجاب نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن، ویلفیئر سے متعلقہ دیگر درخواستوں پر بھی موقع پر ہی احکامات جاری کیے تاکہ مسائل کا فوری حل یقینی بنایا جا سکے۔