یوٹیوب سے آمدنی حاصل کرنے والوں کے لیے ایک اہم خبر سامنے آئی ہے: ویڈیو شیئرنگ کے اس عالمی پلیٹ فارم نے 15 جولائی 2025 سے اپنی مونیٹائزیشن پالیسیوں میں نمایاں تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے، جن کا براہ راست اثر لاکھوں کریئیٹرز کی آمدنی پر پڑ سکتا ہے۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں "یوٹیوب پارٹنر پروگرام (YPP)” میں کی جا رہی ہیں، جن کا بنیادی مقصد غیر معیاری، بار بار پوسٹ کی جانے والی، اور مصنوعی ذہانت (AI) سے بنائی گئی ویڈیوز کو آمدنی کے دائرے سے باہر نکالنا ہے، جبکہ اصل، تخلیقی اور مستند مواد کو فروغ دینا ہے۔
یوٹیوب کی پالیسی اپ ڈیٹ میں کیا متوقع ہے؟
-
AI سے بنائی گئی ویڈیوز: اگرچہ ابھی تک تفصیلی گائیڈلائنز جاری نہیں ہوئیں، لیکن یوٹیوب نے اشارہ دیا ہے کہ AI سے تیار کردہ ویڈیوز کو غیر معیاری تصور کیا جا سکتا ہے، جو مونیٹائزیشن کے اہل نہیں ہوں گی۔
-
ری ایکشن ویڈیوز: صارفین کو خدشہ ہے کہ ردعمل (Reaction) یا تبصراتی ویڈیوز بھی متاثر ہو سکتی ہیں، لیکن یوٹیوب کے نمائندے Rene Ritchie نے واضح کیا ہے کہ ایسا نہیں ہوگا، بشرطیکہ یہ ویڈیوز اصل اور ذاتی تجزیے پر مبنی ہوں۔
-
بار بار پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز: وہ ویڈیوز جو صرف کاپی پیسٹ کر کے دوبارہ اپلوڈ کی جاتی ہیں، ان سے بھی اب پیسے نہیں کمائے جا سکیں گے۔
-
اوریجنل اور مصدقہ مواد کی شرط: نئی پالیسیوں کے تحت مونیٹائزیشن کے لیے اصل، مستند اور منفرد مواد کی شرط لازم ہوگی۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ یہ نئی پالیسیز برسوں پرانی YPP گائیڈلائنز کی توسیع ہیں اور صرف ان ویڈیوز پر لاگو ہوں گی جو معیار پر پوری نہیں اترتیں۔ یوٹیوب کے مطابق "یہ اپ ڈیٹس صرف غیر معیاری مواد کو مونیٹائزیشن سے روکنے کے لیے ہیں، اور تخلیقی ویڈیوز بنانے والوں کو ان سے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔” یوٹیوب کی نئی پالیسیز 15 جولائی کو باقاعدہ طور پر جاری کی جائیں گی، جس کے بعد تمام یوٹیوبرز کو اپنے مواد کی نوعیت اور معیار پر نظر ثانی کرنی پڑے گی۔