بھارتی شہر حیدر آباد کے علاقے مشیر آباد میں پیش آنے والا ایک ہولناک واقعہ منظرِ عام پر آیا ہے جس میں ایک خاتون نے اپنی بیٹی اور اس کے آشنا کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو فلمی انداز میں قتل کر دیا۔ مقتول کی شناخت لنگم کے نام سے ہوئی ہے جو ایک ملازمت پیشہ فرد تھا، جبکہ اس کی بیوی وڈلوری شردھا اور بیٹی منیشا بھی کم آمدن والی ملازمتیں کرتی تھیں۔
پولیس کے مطابق منیشا پہلے ہی اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کر چکی تھی اور اب حسین نامی شخص کے ساتھ قریبی تعلقات میں تھی۔ لنگم اور اس کی بیوی کے درمیان اسی تعلق پر کئی بار جھگڑے ہو چکے تھے۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق، منیشا نے دوپہر کے وقت اپنے والد کو نیند کی گولیاں دیں، پھر ماں اور آشنا حسین کے ساتھ مل کر پہلے لنگم کا سانس بند کیا اور پھر رسی سے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔ قتل کے بعد تینوں ملزمان ایک مقامی سینما میں فلم دیکھنے گئے، جہاں سے متاثر ہو کر انہوں نے لاش کو ٹھکانے لگانے کا منصوبہ بنایا۔ فلم کے مناظر سے متاثر ہو کر انہوں نے لاش کو دریا میں پھینکنے کا فیصلہ کیا۔ پولیس کو لاش دریا کے قریب ملی جہاں مقامی افراد نے مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔