لاہور (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) — وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرپشن سے حاصل کی گئی دولت کو "بیماریوں اور نقصانات کا سبب” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف حلال ذرائع سے کمائی گئی دولت ہی انسان کی زندگی میں برکت، سکون اور کامیابی لاتی ہے۔
ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ کرپٹ پیسہ بظاہر تیزی سے آتا ہے مگر جلد ہی بیماریوں، پریشانیوں اور بے سکونی میں خرچ ہو جاتا ہے۔ ایسی دولت نہ صرف انسان کو اندر سے کھوکھلا کر دیتی ہے بلکہ اس کی معاشرتی عزت بھی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو رزق حلال طریقے سے کمایا جائے، وہی اصل کامیابی ہے، کیونکہ اس میں برکت اور پاکیزگی ہوتی ہے۔ انہوں نے حلال روزی کو ایک اخلاقی اور دینی فریضہ قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف جائز ذرائع سے ہی کمائیں۔
مریم نواز نے ان لوگوں کی بھی تعریف کی جو مشکل حالات کے باوجود اپنے اصولوں پر قائم رہتے ہیں اور حق پر ڈٹے رہتے ہیں۔ ان کے بقول، "ڈرنے یا گھبراہٹ میں اصول چھوڑنے والے کبھی سچائی یا کامیابی حاصل نہیں کرتے۔” وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اصولوں پر ڈٹے رہنے والے ہی اصل بہادر ہوتے ہیں، اور ایسے لوگ ہی ملک و قوم کے لیے فخر کا باعث بنتے ہیں۔