لندن (ایم وائے کے نیوز ٹی وی): پاکستان ایئر فورس نے عالمی سطح پر ایک اور شاندار کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔ برطانیہ میں منعقد ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے اور معتبر ملٹری ایئر شو "رویل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو (RIAT) 2025” میں پاک فضائیہ کے C-130 ہرکیولیز ٹرانسپورٹ طیارے نے اپنی فنکارانہ تیاری اور دلکش ظاہری ڈیزائن کے باعث "کانکور دیلگانس” ایوارڈ حاصل کیا۔ اس طیارے پر پرندے کی آنکھوں اور چونچ کی نہایت خوبصورتی سے تصویر کشی کی گئی تھی، جس نے دنیا بھر سے آئے ہوئے ایوی ایشن ماہرین، پائلٹس، اور شائقین کی توجہ اپنی طرف مبذول کر لی۔
رویل ایئر فورس بیس فیئرفورڈ، گلوسٹرشائر میں 18 سے 20 جولائی 2025 تک منعقد ہونے والے اس عالمی ایونٹ میں تقریباً 170,000 افراد نے شرکت کی۔ اس سال کا تھیم "آئیز اِن دی سکائیز” رکھا گیا تھا، جس میں خاص طور پر وہ طیارے شامل کیے گئے تھے جو خفیہ معلومات جمع کرنے، سرویلنس، بحری گشت، تلاش و نجات، سروے، اور جاسوسی کے مشنوں کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔
RIAT 2025 میں دنیا کی 25 مختلف ممالک کی فضائی افواج نے بھرپور شرکت کی، جن میں بیلجیم، چیک ریپبلک، ڈنمارک، مصر، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، یونان، ہنگری، آئرلینڈ، اٹلی، لتھوانیا، پاکستان، پولینڈ، پرتگال، قطر، کینیڈا، برطانیہ، اردن، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، سلوواکیہ، سلووینیا، اسپین، سویڈن اور امریکہ شامل تھے۔ ہر ملک نے اپنے جدید ترین طیاروں کو فلائنگ اور سٹیٹک ڈسپلے کی صورت میں پیش کیا۔
پاکستان ایئر فورس نے اس عالمی ایونٹ میں نہ صرف C-130 ہرکیولیز طیارہ پیش کیا بلکہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں رافیل طیاروں کو مار گرانے والے اپنے جے ایف-17 تھنڈر بلاک-III لڑاکا طیارے بھی فلائنگ ڈسپلے میں شامل کیے، جنہوں نے حاضرین کو اپنے متاثر کن مظاہرے سے بے حد متاثر کیا۔ پاکستان کے IL-78 ایئر ری فیولنگ ٹینکر نے ان طیاروں کو برطانیہ کے سفر کے دوران ایئر-ٹو-ایئر فیولنگ فراہم کی، جو پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
"کانکور دیلگانس” ایوارڈ دنیا بھر کی فضائی افواج کے درمیان طیاروں کی ظاہری خوبصورتی، تھیم کے ساتھ مطابقت، تخلیقی ڈیزائن، اور پیشکش کے معیار پر دیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈ حاصل کرنا نہ صرف تخلیقی مہارت کا اعتراف ہے بلکہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ پاکستان ایئر فورس اپنے پیشہ ورانہ معیار اور بین الاقوامی سطح پر ساکھ کے حوالے سے مسلسل آگے بڑھ رہی ہے۔ سی-130 طیارے کے مخصوص ڈیزائن اور رنگ آمیزی نے ججوں کے پینل کو بے حد متاثر کیا، جس کے نتیجے میں اسے یہ اعزاز حاصل ہوا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق، یہ کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے ہمارے افسران، تخلیقی ڈیزائنرز اور ٹیکنیکل عملے کی انتھک محنت شامل ہے، جنہوں نے دن رات ایک کر کے اس طیارے کو عالمی معیار کے مطابق تیار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایوارڈ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک فضائیہ نہ صرف جنگی مہارت میں مہارت رکھتی ہے بلکہ اپنی تخلیقی اور فنی صلاحیتوں میں بھی دنیا کی کسی فضائیہ سے کم نہیں۔
رویل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو ہر سال منعقد ہونے والا ایک ایسا ایونٹ ہے جو جدید طیاروں، خصوصی مشنوں کے لیے تیار کردہ جہازوں، اور فضائی مظاہروں کا عالمی مرکز بن چکا ہے۔ 2024 میں اس ایونٹ میں 248 طیاروں نے شرکت کی تھی اور 2025 میں بھی اسی سطح کی شرکت دیکھی گئی۔