نئی دہلی (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) بھارتی سیاست اور کھیلوں کے میدان میں ایک بڑا ہلچل مچانے والا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ بی جے پی حکومت نے بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) کو نیشنل اسپورٹس گورننس بل کے تحت لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے بعد بی سی سی آئی کو اب وزارت کھیل کے ماتحت ادارہ تصور کیا جائے گا۔
یہ اہم اور انوکھا فیصلہ آج بدھ کے روز بھارتی پارلیمنٹ میں بل کی صورت میں پیش کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد بھارت کے اسپورٹس گورننس ماڈل کو اولمپک اور پیرا اولمپک چارٹرز کے اصولوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ اس اقدام سے بھارت کے کھیلوں کے نظام میں شفافیت، نگرانی اور جوابدہی کو فروغ ملنے کی امید کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ایک خودمختار اور مالی طور پر خودکفیل ادارہ ہے، جو کسی بھی حکومتی گرانٹ پر انحصار نہیں کرتا۔ لیکن بی جے پی حکومت نے بورڈ کو باقاعدہ طور پر حکومتی دائرہ کار میں شامل کرنے کا جرات مندانہ فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئے گورننس بل میں اسپورٹس تنظیموں کے تمام عہدیداروں کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 70 سے بڑھا کر 75 سال کیے جانے کا امکان ہے، تاکہ تجربہ کار رہنما مزید کچھ عرصہ اپنی خدمات جاری رکھ سکیں۔
اس بل کا براہ راست اثر بی سی سی آئی کی موجودہ قیادت پر پڑ سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کے صدر راجر بنی کو عمر کی وجہ سے اپنا عہدہ چھوڑنا پڑ سکتا ہے، جب کہ نائب صدر راجیو شکلا کی مدت بھی ختم ہونے کے قریب ہے۔ اگر بل موجودہ شکل میں منظور ہوا تو بی سی سی آئی کی قیادت میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔