کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے
پرتگال سے تعلق رکھنے والے دنیائے فٹبال کے معروف کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز سے شادی کرلی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ رونالڈو اور 32 سالہ جارجینا نے 11 اگست کو پرتگال کے شہر کاسکائس میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کی، جس میں ان کے پانچ بچے بھی شریک ہوئے۔
رونالڈو نے سوشل میڈیا پر شادی کی تصویر شیئر کی، جس میں دونوں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے نظر آئے اور شادی کی انگوٹھیاں بھی نمایاں تھیں۔
یہ شادی جارجینا کی جانب سے اگست 2025 میں منگنی کا اعلان کیے جانے کے تقریباً ایک سال بعد ہوئی۔ جارجینا نے اس وقت اپنی انگلی میں موجود منگنی کی انگوٹھی کی تصویر شیئر کی تھی۔
کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز کی ملاقات 2016 میں ہوئی تھی، جب جارجینا اٹلی میں معروف برانڈ گوچی کے ایک اسٹور پر سیلز اسسٹنٹ کے طور پر کام کرتی تھیں۔ 2017 میں دونوں پہلی مرتبہ زیورخ میں ہونے والی فیفا فٹبال ایوارڈز تقریب کے ریڈ کارپٹ پر ایک ساتھ نظر آئے۔
رونالڈو اور جارجینا کے بچوں میں جڑواں بچے ایوا ماریا اور میٹیو، بیٹی الانا، بیٹی بیلا اور رونالڈو کا 16 سالہ بیٹا کرسٹیانو جونیئر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اپریل 2022 میں رونالڈو اور جارجینا نے اپنی نومولود بیٹی بیلا کے جڑواں بھائی اینجل کی وفات کا اعلان بھی کیا تھا۔













