آبنائے ہرمز میں آمدورفت معطل، عالمی تیل ذخائر پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ
واشنگٹن: امریکی میڈیا کے مطابق ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی معطلی کے باعث عالمی سطح پر تیل کے ذخائر تیزی سے کم ہورہے ہیں، جبکہ خطے کی صورتحال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کے دعوے سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔
ماہرین کے مطابق بحری جہازوں پر حملوں کے خدشات کے باعث جہاز رانی کی کمپنیوں اور عملے کو شدید سکیورٹی خدشات کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت متاثر ہورہی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ حملے شروع ہونے کا خطرہ بھی برقرار ہے، جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب ایران نے اپنی شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنے سے انکار کردیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر آبنائے ہرمز میں آمدورفت کی معطلی طویل ہوتی ہے تو عالمی توانائی کی منڈیوں پر دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے اور تیل کی عالمی فراہمی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔













