جھیل میں 5 گھنٹے تک بے حرکت شخص، مردہ سمجھ کر پولیس طلب کرلی گئی
ہنمکنڈہ: بھارت کی ریاست تلنگانہ میں ایک شخص جھیل کے پانی میں تقریباً 5 گھنٹے تک بے حرکت پڑا رہا، جسے مقامی افراد نے مردہ سمجھ کر پولیس کو اطلاع دے دی، تاہم پولیس اہلکار کے ہاتھ لگاتے ہی وہ اچانک اٹھ بیٹھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہنمکنڈہ میں مقامی افراد نے ایک شخص کو طویل وقت تک جھیل کے پانی میں بے حس و حرکت پڑے دیکھا تو اسے لاش سمجھ لیا اور پولیس کو اطلاع دی۔
اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور مبینہ لاش کو پانی سے نکالنے کی کوشش کی تو وہ شخص اچانک حرکت کرتے ہوئے اٹھ بیٹھا، جس پر وہاں موجود افراد حیران رہ گئے۔
پولیس کی جانب سے پوچھ گچھ پر شخص نے بتایا کہ وہ قریبی گرینائٹ کان میں کام کرتا ہے اور مسلسل کام کرنے کے باعث شدید تھکن کا شکار تھا۔
اس نے بتایا کہ گرمی اور تھکن سے نجات حاصل کرنے کے لیے وہ جھیل کے پانی میں اترا تھا، جہاں اسے اتنی گہری نیند آگئی کہ وہ کئی گھنٹوں تک وہیں سویا رہا۔
واقعے کی دلچسپ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔












