لاہور میں کھلے مین ہول نے 7 سالہ بچے کی جان لے لی
لاہور: ہنجروال کے علاقے میں 7 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ ہنجروال کی ایک گلی میں پیش آیا، جہاں کم روشنی کے باعث بچہ کھلے مین ہول میں جاگرا اور جانبر نہ ہوسکا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ واسا کی جانب سے صفائی کے لیے مین ہولز کے ڈھکن ہٹائے گئے تھے، جنہیں دوبارہ نہیں لگایا گیا، جس کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔
دوسری جانب واسا حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مذکورہ علاقہ واسا لاہور کے دائرہ کار میں شامل نہیں۔ حکام کے مطابق مقامی افراد نے نجی مزدوروں سے کام کروایا تھا، جو مین ہول کھلا چھوڑ کر چلے گئے۔













