انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ اسلام آباد کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس ہوا، جس میں انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے سکیورٹی نمائندگان کو فول پروف سکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سکیورٹی ڈویژن ایڈمن بلاک میں انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ECB) کے سکیورٹی نمائندگان کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔ ایس ایس پی وی وی آئی پی پروٹیکشن/ہائی سکیورٹی زون کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ اسلام آباد کے دوران سکیورٹی انتظامات اور سکیورٹی پلان کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں غیر ملکی مہمانوں کی سکیورٹی، آمد و رفت کے روٹس، قیام گاہ، کرکٹ وینیو اور دیگر اہم مقامات پر حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے، اہم مقامات پر جامع حفاظتی اقدامات یقینی بنانے اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایس ایس پی وی وی آئی پی پروٹیکشن/ہائی سکیورٹی زون کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے کہا کہ غیر ملکی مہمانوں اور کرکٹ ٹیم کی فول پروف سکیورٹی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے سکیورٹی نمائندگان نے اسلام آباد پولیس کی جانب سے کیے گئے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سکیورٹی پلان کو سراہا۔













