کراچی: خاتون پر تیزاب پھینکنے کے کیس میں شوہر کی ضمانت منظور
کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت وسطی نے خاتون پر تیزاب پھینکنے کے مقدمے میں نامزد شوہر اویس کی ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے ملزم کو 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
پولیس کے مطابق اویس نے اپنے دوست بلال کو خاتون پر تیزاب پھینکنے کے لیے رقم دی تھی۔ واقعے میں خاتون کی گردن جھلس گئی تھی، جبکہ تیزاب پھینکنے والا ملزم بلال عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ لیاقت آباد میں درج کیا گیا تھا۔












