سنیل شیٹی کا ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے پر اظہارِ تشویش
ممبئی: بالی وڈ کے سینئر اداکار سنیل شیٹی نے اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنیل شیٹی نے کہا کہ پوری دنیا ٹائیگر شروف اور ان کے والد جیکی شروف سے محبت کرتی ہے، اگر ان کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آ سکتا ہے تو یہ کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹائیگر شروف کھیلوں اور ورزش پر بہت توجہ دیتے ہیں، مجھے نہیں معلوم یہ واقعہ کیسے پیش آیا، تاہم ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔
سنیل شیٹی کا کہنا تھا کہ محفوظ رہنا انتہائی اہم ہے۔ جیکی شروف ان کے بچپن کے دوست ہیں اور وہ دعا کرتے ہیں کہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ ٹائیگر شروف محفوظ ہیں، جبکہ فائرنگ میں زخمی ہونے والے ان کے ڈرائیور صحت یاب ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ممبئی کے علاقے جوہو میں فٹ بال میچ کھیلنے کے بعد روانگی کے دوران ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی۔ واقعے میں ٹائیگر شروف محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔
پولیس نے ٹائیگر شروف پر مبینہ قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔













