کوئٹہ: کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں گندم کا بحران سنگین صورتحال اختیار کرگیا، جبکہ آٹے کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان حکومت اب تک پاسکو سے ایک لاکھ بوری گندم بھی نہیں خرید سکی۔ گزشتہ کئی ماہ سے محکمہ خوراک بلوچستان اور پاسکو کے درمیان گندم کی خریداری کے حوالے سے صرف بات چیت جاری ہے۔
دوسری جانب مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار 330 روپے تک پہنچ گیا ہے، جبکہ خضدار، چاغی، واشک، کیچ اور دیگر اضلاع میں 50 کلو آٹے کی بوری کی قیمت 8 ہزار روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔
سیکرٹری خوراک بلوچستان کے مطابق پاسکو سے گندم خریدنے کے لیے بات چیت جاری ہے، تاہم آٹے کی قیمت کا تعین اور مقررہ نرخ پر عملدرآمد یقینی بنانا محکمہ صنعت اور ڈپٹی کمشنرز کی ذمہ داری ہے۔












