روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی ہو گئی ہے اور انٹر بینک میں ایک ڈالر 11 پیسے کمی کے بعد 282 روپے 90 پیسے کا ہو گیا ہے۔ ڈالر کی قیمت میں کمی کی وجہ سے معیشت بحال ہوتی نظر آرہی ہے البتہ ڈالر سستا ہونے کے باوجود صرافہ مارکیٹ میں سونے کے بھاؤ بتدریج بڑھتے جارہے ہیں۔
دوسری جانب مسلسل تیزی کے بعد گزشتہ روز پاکستانی سٹاک مارکیٹ کریش کر گئی۔رواں کاروباری ہفتے کے ابتدائی 2 روز اسٹاک مارکیٹ کیلئے بھونچال ثابت ہوئے ہیں۔ سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ 2 روز کے دوران 100 انڈیکس 3 ہزار سے زائد پوائنٹس نیچے گر گئی۔ سٹاک مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ دو روز مارکیٹ میں منگی رجحان دیکھنے میں آیا جس کے باعث سرمایہ کاروں نے اپنا سرمایہ سٹاکس سے نکالنے کو ترجیح دی۔
گزشتہ روز کے اختتام تک اسٹاک ایکسچینج بری طرح کریش کر جانے کے باعث 100 انڈیکس 63 ہزار پوائنٹس سے بھی نیچے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 2 ہزار 272 پوائنٹس کمی کے ساتھ 62 ہزار 833 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
پیر کے روز بھی اسٹاک ایکسچینج بدترین مندی کی زد میں رہی اور اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے بعد 100 انڈیکس 935 پوائنٹس کمی کے ساتھ 65 ہزار 205 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا