بولنا اگر آسان ہوتا تو ہر دوسرا شخص یوٹیوب بلاگر ہوتا، لیکن ایسا نہیں ہے کیونکہ یہ تحفہ خداوندی ہے اور یہ ہر کسی کے حصے میں نہیں آتا، یہ نہ تو سیرت کا کمال ہے اور نہ ہی صورت کا کرشمہ بس اللّٰہ کی دین ہے, اس میں اللّٰہ رب العزت کا اپنا راز ہے اس میں بندے کا کوئی کمال نہیں۔ ویسے تو یہ کام بہت آسان لگتا ہے پر جب کیمرہ کی چمک انسان کی آنکھ میں پڑتی ہے تو انسان حیران ہو جاتا ہے کہ کہاں گیا وہ خیال جس نے انسے بولنے کے لئے اکسایا۔ آج میری ملاقات جس خوبصورت حسِ مزاح کے منبع سے ہوئی ہے وہ برادر عمر بٹ ہیں جو پیشہ کے اعتبار سے فوٹو گرافر بلکہ یوں کہوں کہ ویڈنگ اسپیشلسٹ فوٹو گرافر ہیں۔ ایک سال پہلے انہیں دُنیا کو اپنی کٙلا دکھانے کا خیال آیا کہ اس کٙلا کو کسی ایسے خوبصورت مقصد کے لئے استعمال کریں جس سے مُلک پاکستان کی پہچان نمایاں ہو، انہوں نے پاکستان کا امیج سیر و تفریح اور سیکیورٹی کے حوالے سے دُنیا پر نمایاں کرنے کے لئے یوٹیوب سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔ اس سفر یعنی چینل کا نام انہوں نے Grip on Trip رکھا اور پاکستان کے مختلف شہروں سے دُنیا کو متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ روشناس کرواتے چلے گئے۔ انہوں نے صوبہ بلوچستان جسے لوگ پاکستان کا سب سے خطرناک صوبہ سمجھتے ہیں پر ایسی ایسی خوبصورت ڈاکومنٹریز بنائی کہ ان پر تین تین ملین سے زیادہ ویوز انہیں ملے۔ انہوں نے پورے بلوچستان کا سفر کیا جس میں CPEC روڈ اور بالخصوص بلوچستان کے صحرائی اور ویران، سُنسان علاقے تھے جہاں ہر جگہ انہیں محبت ملی، انہوں نے اپنی ویڈیوز میں بلوچستان کی خوبصورت تہذیب کو احسن انداز میں دُنیا کو متعارف کروایا۔ نا صرف یہ انہوں نے خیبر پختونخواہ کے بالائی علاقوں کے وہ وہ حسین مناظر اپنی ویڈیوز میں قید کئے کہ گورنمنٹ آف کے پی کے کو انکی ویڈیوز اپنی آفیشل ویب سائٹس پر لگانی پڑیں اور یہ انکے لئے قابلِ ستائش بات ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمارے ہمسائے ملک بھارت کی بہت سی دُنیا انکے چینیل کو شوق سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے اپنے ملک کی سیاحت کو بلند و بالا انداز میں پرموٹ کیا ہے، کیونکہ ہمسایہ ملک اور باہر دیگر ممالک میں بھی ان کو دیکھا جاتا ہے اس لحاظ سے یہ پاکستان کا بہترین امیج بنا رہے ہیں۔ یہ نا صرف پاکستان کی سیاحت کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ اپنی پوری توانائی سے پاکستان میں ہوٹل انڈسٹری کو بھی پرموٹ کر رہے ہیں اور مستقبل میں خود بھی اسی فیلڈ میں اپنا نام بنانا چاہتے ہیں۔ انکے مطابق پی ٹی آئی گورنمنٹ کے سیاحت بالخصوص کے پی کے میں کئے گئے کام قابل تعریف اور قابلِ تقلید ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ حکومت کے علاوہ پاکستان کے اندر ایسا جوان خوان موجود ہے جس میں وطن کی مٹی کے لئے محبت ہر لمحہ موجود ہے۔ برادر عمر بٹ کی شخصیت کی اگر بات کریں تو یہ اعلیٰ اخلاق کے مالک، سُلجھے ہوئے کردار کے باوقار انسان ہیں۔ یہ اپنی سفید پوش شخصیت اور اعلیٰ کردار کی بدولت پاکستان کی سیاحت کو اتہائی سنجیدہ مٹھاس اور خوشبو دے رہے ہیں ۔ برادر عمر بٹ، پاکستان کی سیاحت کا ایک درخشاں ستارہ ہیں اور سیاحت کو پاکستان میں پروموٹ کرنے والے ایک منفرد قد و قامت کے حامل انسان ہیں۔ ان سے ملاقات باعث مُسرت ہے کہ پاکستان میں ایسے درخشاں ستارے موجود ہیں جو اپنی منفرد اور سحر انگیز انفرادیت کے بل بوتے پر پاکستان کی سیاحت کو اپنی حثیت کی ایک ایسی روشنی اور خدمت دے رہے ہیں جو سیاحت کی تاریخ میں اپنی نوعیت کے خاص خدمتگاروں کے حصے میں آتی ہے۔ انکی سیاحت پر کامیاب بلاگنگ ابھی لاکھوں فالورز تک پہنچی ہے جس میں انہوں نے بلوچستان کو نمایاں کیا ہے۔ اللّہ پاک آپکو اس خوبصورت مشن میں کامیاب کرئے جو آپ نے پاکستان کے لئے چُنا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان میں آپ جیسا چمکدار ستارہ موجود ہے جو پاکستان کو سیاحت کے خوبصورت انداز میں نمایاں کر رہا ہے۔
دعا گو: کاشف شہزاد