پنجاب میں شدید گرمی کی لہر کے باعث گرمیوں کی چھٹیاں قبل از وقت دینے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ گرمیوں کی چھٹیوں سے متعلق مشاورت جاری ہے اور حتمی فیصلہ آئندہ 3 سے 4 روز میں متوقع ہے۔
فی الحال اسکولوں کی گرمیوں کی چھٹیاں یکم جون سے شروع کرنے کا فیصلہ برقرار ہے، تاہم موسمی حالات کے پیش نظر ممکنہ تبدیلی زیر غور ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ طلبا کے تعلیمی نقصان کو پورا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس حوالے سے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہیٹ ویو کے پیش نظر حفاظتی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں اور طلبہ کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ ان ہدایات پر عمل کریں تاکہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔ والدین اور تعلیمی ادارے بھی محتاط رویہ اختیار کریں۔