لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شمعون عباسی نے کہا ہے کہ مجھے دو بار بھارتی فلموں میں کام کی پیشکش ہوئی لیکن میں نے انکار کردیا۔
یہ بات انہوں نے ‘ایم وائے کے’ کے ویب شو ‘ وہ والا شو’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ انہیں بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کے ساتھ فلم کی پیشکش ہوئی تھی لیکن انہوں نے انکار کردیا۔
اداکار شمعون عباسی نے انکشاف کیا کہ انہیں ایک بار ہدایت کار وشال بھردواج نے اور دوسری بار رام گوپال ورما نے اپنی فلموں کی پیشکش کی تھی۔
شمعون عباسی نے کہا کہ انہیں وشال بھردواج کی فلم میں کام کرنے سے روکا گیا کیونکہ وہ پہلے ہی ایک پاکستانی فلم ’’وار‘‘ میں کام کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پریانکا چوپڑا بھی فلم کی کاسٹ میں تھیں لیکن پریانکا چوپڑا اور مجھے فلم کے لیے وقت کا مسئلہ تھا جس کی وجہ سے میں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔
شمعون عباسی نے کہا کہ دوسری بار بالی ووڈ ہدایت کار رام گوپال ورما نے انہیں فلم کی پیشکش کی لیکن وہ چاہتے تھے کہ میں بھارت جاؤں اور وہاں فلم کی ٹیم کے ساتھ چھ یا سات ماہ گزاروں لیکن میرے پاس اتنا وقت نہیں تھا۔