پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی المناک موت نے پورے فنکار طبقے اور ان کے مداحوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ان کے والد نے بیٹی کی لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا، جس کے بعد اداکارہ کی تدفین ایک سوالیہ نشان بن گئی تھی۔ تاہم اب شوبز شخصیات نے انسانی ہمدردی کی مثال قائم کرتے ہوئے تدفین کی ذمہ داری خود اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں سب سے پہلے سماجی کارکن مہر بانو سیٹھی نے آگے بڑھتے ہوئے حمیرا کی آخری رسومات کی ذمہ داری لینے کا اعلان کیا۔ ان کے بعد اداکارہ سونیا حسین نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے نہ صرف اس دکھ بھرے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا بلکہ تدفین کا پورا عمل اپنے ذمے لینے کی پیش کش بھی کی۔ سونیا حسین اپنے ویڈیو پیغام میں آبدیدہ ہو گئیں اور کہا کہ انہیں یہ سن کر صدمہ ہوا کہ حمیرا کے گھر والے ان کی میت وصول کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "میں کسی کو نصیحت کرنے نہیں آئی، لیکن اگر کوئی نہیں آیا تو ایک انسان اور مسلمان ہونے کے ناطے میں اس بچی کے کفن دفن کی مکمل ذمہ داری لینے کو تیار ہوں۔”
سونیا نے اس موقع پر معاشرتی بے حسی اور روابط کی کمی پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے رشتوں، دوستوں اور ہمسایوں کے ساتھ رابطہ رکھیں تاکہ کوئی شخص اس طرح تنہائی اور محرومی کا شکار نہ ہو۔ اداکار یاسر حسین نے بھی اس دردناک صورتحال پر ردِعمل دیتے ہوئے سونیا حسین کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ "یہ ذمہ داری سونیا حسین کو دی جانی چاہیے، ورنہ میں بھی حاضر ہوں۔ جس انڈسٹری کی وجہ سے اس لڑکی کو اس کے گھر والوں نے عاق کیا، وہ انڈسٹری آج اس کی میت کو دفن کرنے کے لیے تیار کھڑی ہے۔”