موسمی پھل ایک بہترین اضافہ ہیں جو آپ اپنی غذا میں کر سکتے ہیں۔ ماہرین ہمیشہ اپنی خوراک میں موسمی پھلوں اور سبزیوں کو شامل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ اور ایسا ہی ایک موسم گرما کا پھل خوبانی ہے – جس کی آجکل پورے پاکستان میں بہار آئی ہوئی ہے، اور جگہ جگہ ہمیں نظر آرہی ہے خوبانی موسم گرما میں صحت کے لیے بہت ضروری ہے۔
خوبانی ایک ورسٹائل پھل ہے، جو صحت مند غذا میں حیرت انگیز اضافہ کرتا ہے۔ وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈینٹ کے اعلیٰ مواد کی بدولت اسے ایک سپر پھل سمجھا جاتا ہے۔
خوبانی – سائنسی طور پر Prunus Armeniaca کہلاتی ہے – اور یہ روئے زمین کے صحت مند پھلوں میں سے ایک ہے۔ اسے سب سے پہلے 4,000 سال پہلے چین میں کاشت کیا گیا تھا اور آہستہ آہستہ دنیا کے کئی دوسرے حصوں میں بھی اس کی مقبولیت پھیلتی گئی ۔ یہ اب کئی اقسام میں دستیاب ہے، ہر ایک کی اپنی الگ شکل اور ذائقہ ہے۔
خوبانی کا عام طور پر نرم گودا، پتلی پیلی/نارنجی سطح اور درمیان میں ایک بڑا گڑھا ہوتا ہے۔ نیز، اسے کچا کھایا جا سکتا ہے یا مختلف پکوانوں کی تیاری میں استعمال کیا جا سکتا ہے ، مثال کے طور پر، پاک و ہند میں خوبانی کا میٹھا کافی مشہور ہے۔ اب، جب غذائیت کی بات آتی ہے تو خوبانی میں فائبر، پوٹاشیم، مینگنیج، میگنیشیم، فاسفورس، کاپر، وٹامن اے، وٹامن سی، وٹامن کے، نیاسین، لیوٹین، بیٹا کیروٹین، زیکسینتھین اور بہت کچھ ہوتا ہے۔
مزید انتظار کیے بغیر، آئیے صحت کے ان ممکنہ فوائد پر ایک نظر ڈالتے ہیں جو خوبانی میں پائے جاتے ہیں۔
ہاضمے کی صلاحیت بہترہوتی ہے
خوبانی ذود ہضم اور ناقابل حل فائبر دونوں کا بھرپور ذریعہ ہے۔ لہذا، یہ آنتوں کے ذریعے کھانے کی نقل و حرکت کو بڑھاتا ہے اور آپ کے نظام انہضام کے مجموعی افعال کو بہتر بناتا ہے۔ تحقیق سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ خوبانی کا باقاعدگی سے استعمال گیس، اپھارہ، اور ہاضمے سے جڑے بہت سے مسائل کے حل مددگار ہے۔
ہڈیوں کو طاقت کو دینے کے لیے
خوبانی ہڈیوں کے لیے صحت مند منرلز جیسے آئرن، کاپر، فاسفورس، مینگنیز اور کیلشیم سے بھرپور ہے۔ ان سے ہڈیوں کو طاقتور منرلز ملتے ہیں اور آپ کی ہڈیوں کی نشوونما کو بھی فروغ ملتا ہے۔ اس کو کھانا آپ کی ہڈیوں سے متعلق مختلف بیماریوں (بشمول آسٹیوپوروسس) کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے۔
اس سے وزن کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے
کیلوریز میں کم ہونے کی وجہ سے موٹاپے کے ساتھ جدوجہد کرنے والے لوگوں کے لیے خوبانی کھانے کی سفارش کی جاتی ہے۔ اس میں موجود فائبر کی زیادہ مقدار آپ کے جسم کو لمبے عرصے تک بھرا رکھتی ہے، جو آپ کو دن بھر زیادہ کھانے سے روکتی ہے۔ اس کے علاوہ، یہ جسم میں میٹابولک ریٹ کو بڑھاتی ہے، جس سے آپ کے وزن میں کمی کے سفر میں مزید مدد ملتی ہے۔
یہ جلد کی صحت کو بہتر بناتی ہیں
خوبانی میں پائے جانے والے وٹامن سی کی زیادہ مقدار کولیجن کی پیداوار کو بڑھاتی ہے۔ اس کے نتیجے میں، آپ کی جلد کی ساخت کو نمایاں حد تک بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔ پھل میں وٹامن اے، فیٹی ایسڈ اور اینٹی آکسیڈنٹس بھی ہوتے ہیں جو آپ کی جلد کی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔ مزید یہ کہ یہ آپ کے ایکزیما، خارش، چنبل اور جلد سے متعلق متعدد دیگر مسائل کے خطرے کو کم کرتی ہے۔
یہ دل کے افعال کو بہتر بناتی ہے
یہ پوٹاشیم سے بھرپور ہے جو آپ کے بلڈ پریشر کی سطح کو منظم کرنے میں مدد کرتی ہے۔ اس کے علاوہ اس میں غذائی ریشہ ہوتا ہے جو آپ کے جسم میں ایل ڈی ایل کولیسٹرول کی سطح کو کم کرتا ہے۔ جس کے نتیجے میں، آپ کے دل کے افعال نمایاں طور پر بہتر ہوتے ہیں۔ یہ آپ کے دل کی معمول کی رفتار سے کام کرنے کی صلاحیت کو بڑھاتا ہے اور آپ کے فالج، ہارٹ اٹیک اور ایتھروسکلروسیس کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے۔
ان کے علاوہ خوبانی خون کی کمی کا علاج بھی کر سکتی ہے، قوت مدافعت کو بڑھا سکتی ہے اور بینائی کو بڑھا سکتی ہے۔
مزید ہیلتھ آرٹکل پڑھنے کیلئے اس لنک پر کلک کریں : صحت