کراچی (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) کراچی میں مہلک کانگو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے، جس سے شہر میں اس وائرس کے پھیلاؤ پر شدید تشویش پیدا ہو گئی ہے۔ متاثرہ مریض کو جناح اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسپتال حکام کے مطابق 33 سالہ مریض کو تیز بخار، مسوڑھوں اور ناک سے خون بہنے کی علامات کے ساتھ اسپتال لایا گیا تھا۔ ابتدائی معائنے کے بعد پی سی آر ٹیسٹ کرایا گیا، جو کانگو وائرس کے لیے مثبت آیا۔ مریض کی شناخت بھینس کالونی کے رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے ہیئر ڈریسر کے طور پر ہوئی ہے۔ ڈاکٹروں نے مریض کو فوری طور پر آئسولیشن میں رکھا ہے اور اس کے قریبی افراد کی اسکریننگ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ ادھر محکمہ صحت سندھ نے تصدیق کی ہے کہ عیدالاضحیٰ کے بعد کراچی میں کانگو وائرس سے دو افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے، جس کے بعد شہر میں اس وائرس کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔