اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں سیاسی جماعتوں کے پاور شو پر ضلعی انتظامیہ نے بڑا فیصلہ کرلیا۔
میڈیا کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مختلف سیاسی جماعتوں کے جلوسوں کے باعث تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ڈاکٹروں اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پمز اسپتال، پولی کلینک اور سی ڈی اے اسپتال میں 3 اپریل تک ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور اسپتالوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یہ اقدامات سیاسی جماعتوں کی جانب سے نکالے جانے والے جلوسوں کی وجہ سے کیے گئے تھے۔
اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) نے بھی اسلام آباد میں لانگ مارچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جے یو آئی (ف) کا قافلہ آج رات وفاقی دارالحکومت میں داخل ہوگا۔
اسی طرح مسلم لیگ ن کا حکومت مخالف مہنگائی مکاؤ مارچ لاہور سے شروع ہو گیا ہے جو کل اسلام آباد کی حدود میں داخل ہو گا۔