اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آئین کے تحفظ پر شرمناک طریقے سے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو ہٹانے کی کوشش کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر پنجاب کو عہدے سے ہٹائے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آئین کی یہ کھلی خلاف ورزی پنجاب میں خاموشی سے دیکھی جا رہی ہے، امپورٹڈ کٹھ پتلیاں پنجاب میں آئینی انتشار اور کرپشن کو ہوا دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے گھوسٹ الیکشن کے ذریعے صوبے پر کٹھ پتلی کو وزیراعلیٰ کے طور پر مسلط کیا گیا اور تمام آئینی تقاضوں کو نظر انداز کر کے صدر کے عہدے کی توہین کی گئی۔ سپریم کورٹ کو صورت حال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اس معاملے کو خود دیکھنا چاہیے۔ پنجاب میں باضمیر اعتراض کرنے والوں کے معاملے کو بھی بلا تاخیر ختم کیا جائے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ سینئر جوائنٹ سیکرٹری کیبنٹ تیمور تاجمل کے دستخط شدہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب کو وزیراعظم کی ایڈوائس پر ہٹایا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نئے گورنر پنجاب کی تقرری تک قائم مقام گورنر کے فرائض سرانجام دیں گے۔ اس سے قبل صدر مملکت عارف علوی نے وزیراعظم کی جانب سے گورنر پنجاب کو ہٹانے کا مشورہ مسترد کر دیا تھا۔