پشاور میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر 9 اور 10 محرم کو موبائل فون سروس بند رکھنے کا اہم فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے اور ممکنہ تخریبی کارروائیوں سے بچاؤ کے لیے کیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق موبائل فون سروس آج آٹھ محرم الحرام، نماز جمعہ کے بعد بند کر دی جائے گی اور یہ معطلی عاشورہ، یعنی 10 محرم کی شب 10 بجے کے بعد ختم کی جائے گی۔ ترجمان نے واضح کیا کہ یہ اقدام حساس علاقوں میں نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹنے کے لیے ضروری ہے۔
سیکیورٹی پلان کے تحت پشاور بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے جلوسوں اور مجالس کی ڈرون کیمروں، سی سی ٹی وی اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کڑی نگرانی کریں گے۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے، جب کہ حساس علاقوں میں اضافی پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
پشاور انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی اقدامات میں مکمل تعاون کریں اور مشکوک افراد یا اشیاء کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ کسی بھی خطرے کو قبل از وقت ناکام بنایا جا سکے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق دیگر شہروں میں بھی محرم الحرام کے دوران اسی طرز کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور حالات کے مطابق موبائل فون سروس معطلی کا دائرہ بڑھایا جا سکتا ہے۔ امن و امان کی فضا قائم رکھنے کے لیے سیکیورٹی ادارے مکمل الرٹ ہیں، جب کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیا جا رہا ہے۔