لاہور میں 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا ہے۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق محرم کے ان مقدس ایام کے دوران شہر بھر میں 117 جلوس اور 600 سے زائد مجالس منعقد ہوں گی، جن کے لیے فول پروف سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
سی ٹی او کا کہنا ہے کہ محرم کے دونوں ایام میں لاہور کے مختلف علاقوں سے پانچ بڑے جلوس بھی برآمد ہوں گے، جن کی نگرانی اور ٹریفک کنٹرول کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ یوم عاشور کا مرکزی جلوس حسب روایت نثار حویلی سے برآمد ہو گا، جو اپنے قدیمی اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ دیگر اہم جلوسوں میں پانڈو سٹریٹ، خیمہ سادات، قصرِ بتول شادمان، نبی پور شیعاں لال پل، ماڈل ٹاؤن، چوہنگ اور ٹھوکر نیاز بیگ سے برآمد ہونے والے ذوالجناح جلوس شامل ہیں۔ ٹریفک پولیس نے ان مقامات کے اطراف متبادل راستوں کا تعین کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ ٹریفک پلان پر عمل کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
ڈاکٹر اطہر وحید نے مزید بتایا کہ شہریوں کی رہنمائی کے لیے خصوصی ہیلپ لائنز، موبائل ایپ اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی معلومات فراہم کی جائیں گی، جبکہ حساس مقامات پر ٹریفک وارڈنز، ایلیٹ فورس اور دیگر سیکیورٹی ادارے مکمل الرٹ رہیں گے۔ محرم الحرام کے ان پُرامن ایام میں سیکیورٹی اور ٹریفک پلان کا مقصد شہریوں کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کو بلا تعطل ممکن بنانا ہے۔ لاہور ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صبر و تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔