لاہور (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) 9 مئی 2023 کے پُرتشدد واقعات کے بعد تحریک انصاف کی سیاسی تاریخ میں پیدا ہونے والے بڑے بھونچال پر معروف ماہر نجوم سامعہ خان نے پہلی بار کھل کر گفتگو کی ہے۔ ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں انکشاف کرتے ہوئے سامعہ خان نے بتایا کہ انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کو بہت پہلے، سال 2022 میں ہی خبردار کر دیا تھا کہ مارچ کے آخر میں ایک بڑا سیاسی جھٹکا آ سکتا ہے، اور اقتدار ان کے ہاتھ سے جا سکتا ہے۔
سامعہ خان کے مطابق انہوں نے عمران خان کو اس وقت مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنی سیاسی ساکھ کا تحفظ کریں کیونکہ اگر ساکھ کو دھچکا لگا تو موجودہ حکومت (جسے انہوں نے طنزاً "ہومیوپیتھک حکومت” کہا) بھی انہیں سخت وقت دے سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کو مکمل طور پر خارج از امکان نہیں کہا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی ایک دہائی بعد سیاست میں واپسی کی، اور ان کا نمائندہ دوبارہ صدرِ مملکت بن گیا۔ لہٰذا عمران خان کے لیے بھی واپسی کے امکانات موجود ہیں، بشرطیکہ وہ اپنی سیاسی چالوں میں درستگی لائیں۔
پوڈکاسٹ کے دوران سامعہ خان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ نو مئی کے بعد متعدد تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں نے ان سے رابطہ کیا اور انہوں نے کئی افراد کو سیاسی جماعتیں تبدیل کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا کام صرف نجوم نہیں بلکہ دیانتدار مشورہ دینا بھی ہے، اور کئی لوگ ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ اگر ان کے مشورے نہ ہوتے تو وہ "رل” جاتے۔ سامعہ خان نے یہ بھی بتایا کہ ہر بڑی سیاسی جماعت سے ان کے کلائنٹ موجود ہیں، کچھ کو انہوں نے سیاست ہی چھوڑنے کا مشورہ دیا، جبکہ کچھ کو نئی راہیں دکھائیں۔