لاہور(ایم وائے کے نیوز ٹی وی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بعد ان کے صاحبزادے جنید صفدر نے بھی اپنی سیکیورٹی پر مامور گاڑی کا چالان کرنے والی پولیس ٹیم کے اقدام کو سراہا ہے۔ گزشتہ روز جنید صفدر کی سیکیورٹی میں استعمال ہونے والی گاڑی کو کالے شیشے لگانے پر روکا گیا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کیا گیا۔
اس واقعے پر جنید صفدر نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے پنجاب پولیس کے اہلکاروں کی کارکردگی اور پیشہ ورانہ رویے کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ جن اہلکاروں نے ان کی گاڑی روکی اور چالان کیا، ان کا رویہ انتہائی شائستہ اور اصولی تھا، جس نے انہیں بہت متاثر کیا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ "اللہ آپ لوگوں کی آن ڈیوٹی اور آف ڈیوٹی حفاظت فرمائے”۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چالان کرنے والی پولیس ٹیم کی کھلے دل سے تعریف کی تھی۔ انہوں نے انچارج شاہ زیب اور اہلکاروں پرویز، حیدر اور مجاہد کو شاباش دی اور کہا کہ انہوں نے قانون کی پاسداری کو یقینی بنا کر ایک مثال قائم کی۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ قانون کی بالادستی ہی ان کی حکومت کی پہچان ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ پورے پنجاب میں قانون کا یکساں نفاذ اور پاسداری یقینی بنائی جائے۔