پشاور (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) پشاور ہائیکورٹ نے سانحہ سوات پر دائر درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو 14 روز کے اندر جامع رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے اس واقعے میں ہیلی کاپٹرز کے عدم استعمال پر بھی سخت سوالات اٹھائے ہیں۔
عدالتی حکم کے مطابق پروونشل انسپکشن ٹیم کے چیئرمین عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ معاملے کی تحقیقات 7 دن کے اندر مکمل کر کے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی جائے گی۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ سانحہ سوات پر مکمل تحقیقاتی رپورٹ کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتایا جائے کہ عوام کے تحفظ کے لیے کن اقدامات پر عمل کیا جا رہا ہے۔ عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو حکم دیا ہے کہ وہ وضاحت کریں کہ دو دستیاب ہیلی کاپٹرز کے باوجود انہیں استعمال کیوں نہیں کیا گیا؟ عدالت نے اس پہلو کو نظرانداز کرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے حالات میں ریاستی مشینری کی مکمل تیاری اور بروقت ردعمل عوامی اعتماد کے لیے ناگزیر ہے۔