پشاور (ایم وائے کے نیوز ٹی وی ) پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی پارٹی کے حالیہ اجلاس کی اندرونی کہانی منظرِ عام پر آ گئی ہے۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے ملک گیر تحریک شروع کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا گیا، جبکہ موجودہ سیاسی حالات اور امن و امان کی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پنجاب اسمبلی کے باہر پی ٹی آئی کے اراکین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ کریں گے۔ اسی مظاہرے کے دوران عمران خان کی رہائی کے لیے تحریک کے آغاز کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ پارٹی کے کئی اہم رہنما جنید اکبر خان، عاطف خان، شہرام ترکئی اور شیر علی ارباب اس اہم اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، جس پر مختلف سیاسی حلقے سوالات بھی اٹھا رہے ہیں۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ کے ترجمان فراز مغل نے تصدیق کی ہے کہ علی امین گنڈاپور آج اسلام آباد سے لاہور روانہ ہوں گے۔ ان کے ہمراہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے اراکین اور تحصیل چیئرمین بھی شریک ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نہ صرف پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرے کی قیادت کریں گے بلکہ عمران خان کی رہائی کے لیے باقاعدہ تحریک کا اعلان بھی کریں گے، جسے وہ خود لیڈ کریں گے۔